راشد مراد صاحب کوئ ایسا نسخہ بھی ہے کہ غدار قطعاً اپنے ضمیر سے نہ شرمائے نہ گھبرائے نہ چھپ سکے؟ کیا یہ بات درست ہے کہ غدار کے میزبانوں کو سب سے بڑا خطرہ اسکے ضمیر کے جاگ جانے کا ہوتا ہے؟ کوئ ایسا نسخہ ہے آپ کے پاس کہ غدار بالکل ہی بے ضمیر ہوجائے؟ اگر کسی غدار کا دل ضمیر کی آواز پر لپکنے لگے تو اسے کیا کرنا چاہیئے؟ یہ بھی بتائیے گا کہ غدار کی کوئ پینشن وغیرہ بھی ہوتی ہے یا بس استعمال کیا اور پھینک دیا؟ تھوڑا اس پر بھی روشنی ڈالئے گا کہ یہ غداری کا نصاب آپ کی اپنی تخلیق ہے یا ولایت والوں نے ہی تھما دیا آپ کے نازک ہاتھوں میں؟ آپ اپنی فیملی میں پہلے غدار لیکچرار ہیں یا آپ کا آبائ پیشہ ہے؟ ہاں! یاد آیا! غدار کی آمدنی زیادہ ہوتی ہے یا اسکی ڈور ہلانے والوں کی؟ جناب تھوڑی اس بات کی معلومات دیجئے گا کہ برطانیہ سے مخاصمت کے باوجود کوئ غدار کبھی سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ سے بھاگ کر ہندوستان اور پاکستان میں آکر کیوں نہیں چھپا؟ راشد صاحب آپ کو یہ غدار مینجمنٹ کے لیکچر کا کوئ معاوضہ بھی ملتا ہے یا قبضہ گروپ ہی کھا جاتا ہے؟. میرے خیال میں تو آپ کو غدار سمجھنے والا عقل سے ہی فارغ ہوگا کیونکہ بھلا ایک غدار یوں انگلینڈ میں بیٹھ کر علی الاعلان درس پاک دے سکتا ہے؟ ویسے میں نے سنا ہے برطانیہ غداروں کیلئے دنیا میں ہی جنت ہے اور کراچی والا غدار بھی تو ادھر ہی پایا جاتا ہے ناں؟ آپ تو ناراض ہی ہوگئے یہ بتائیے، خاکم بدھن، اگر آپ کی تصوراتی سلطنت میں کوئ احمق غداری کا عہدہ اختیار کر بیٹھے تو وہ بھی بھارت، امریکہ اور مغرب میں پناہ لے گا یا اسے آپ دل سے لگا کر رکھیں گے؟ اگر غداروں کو امریکہ، اور برطانیہ کے دارالامان کی بجائے افریقہ کے کسی صحرا میں چھوڑ دیا جائے تو شرح غداری بڑھے گی یا کم ہوگی؟ کوئ قوم غداروں کو اچھے نام سے کیوں نہیں یاد کرتی؟ یہ کون لوگ ہیں جو غیر ملکی سفارتکاروں کو کچھ معلومات دینے لینے، تھوڑا سا فنڈ لینے، امریکہ سمیت دو چار مغربی ممالک کے چکر لگانے اور غیر ملکی این-جی-اوز کے ساتھ مل کر دن رات قوم کی ترقی کے بارے سوچنے والوں پر غداری کا ٹھپہ لگا دیتے ہیں؟ یہ پاکستان کے غدار بھارت کو اتنے پسند کیوں ہیں؟ ہو سکے تو غداری کی فلاسفی، غداروں کی نفسیات اور کسی غدار کی خودنوشت کے 'سانحہ حیات' کے بارے چند تصانیف کے نام تو بتا دیجئے گا_ راشد صاحب معاف کیجئے گا یہ غدار اور غداری کے چکر میں آپ سے پوچھنا بھول ہی گیا کہ آپ پاکستان کے غدار ہیں یا پاکستان آپ کا غدار ہے یا میں آپ کا غدار ہوں؟ ناں بابا! میں کیوں غدار بنوں میں اسطرح دیار غیر میں بیٹھ کر غدار فیکٹری نہیں لگا سکتا اور ویسے بھی سنا ہے کہ فرنگی جب تک غیرت کا مکمل جنازہ نہ نکال دیں اپنی خاص الخاص فہرست میں شامل ہی نہیں کرتے_ واہ! بھئ کیا بات ہے آپ کے لیکچر کی جو بھی ان پر ایمان لائے گا غداری کے جینز اسکی اگلی نسل تک ضرور منتقل ہونگے_ لیکن ضروری بھی نہیں؛ ہوسکتا ہے ﷲ اسے شیاطین سے بچالے اور غداری اسکے حلق سے نیچے ہی نہ اترے؟ آخر میں یہ تو بتا ہی دیں اصلی، نسلی اور جعلی غدار میں کیا فرق ہوتا ہے؟
No comments:
Post a Comment