بسم ﷲ الرحمٰن الرحیم°
Basic Arabic Grammar in Urdu Language
عربی گرائمر (شارٹ کورس)
عربی گرائمر کا یہ کورس ان افراد کیلئے ہے جو باقاعدہ طور پر مدارس سے استفادہ نہیں کرسکتے یا نہیں کر سکے_ اسکا مقصد عربی گرائمر، زبان اور قرآن و سنت سے رہنمائ کیلئے سیکھنے والوں کو سہولت دینا یعنی facilitate کرنا ہے، تاکہ وہ بنیادی اصولوں کے فہم کے بعد اساتذہ اور کتب کے ذریعے مزید بہتر انداز میں مستفید ہونے کے قابل ہو جائیں_ طالبعلم کے ذہن میں عربی گرائمر سے متعلقہ جو بھی مسائل آئیں، کوشش کریں کہ اپنے قریب علماء سے مودبانہ طور پر انکا حل سیکھ لیں یا عربی گرائمر کی کتب میں سے تلاش کریں_ شکریہ!
------------------------------------------------
💠کورس کے مراحل💠
1- عربی گرائمر کی بنیادی اصطلاحات
عربی گرائمر کی اصطلاحات -1
2- زبانی اسباق
سبق - 1 - باب
سبق - 2 - ہفت اقسام
سبق - 3 - ثلاثی مجرد کے چھ ابواب
سبق - 4 - ثلاثی مزید فیہ کے بارہ ابواب
سبق - 5 - رباعی کے ابواب
سبق - 6 - فعل ماضی معروف (گردان اور علامات)
سبق - 7 - فعل مضارع معروف (گردان اور علامات)
سبق - 8 - coming soon
3- عربی گرائمر کی پریکٹس
4- اجراء عربی گرائمر - قرآن پارہ نمبر 1 & 2
5- ٹیسٹ (آپشنل)
6- منتخب عربی عبارتو٘ں سے عربی گرائمر کا اجراء
(آپشنل)
7- منتخب احادیث کی عبارت پڑھنا (آپشنل)
نوٹ:- ممکن ہو تو کورس کے دوران اور بعد میں اپنے قریبی علماہ یا اساتذہ ، عربی گرائمر کی کتب، انٹرنیٹ یا وٹس ایپ سے استفادہ ضرور کیجئے_
=========================
عربی گرائمر کی اصطلاحات -1
- علمُ الصَّرف: علمُ الصَّرف اسم و فعل کی اقسام، گردان، بناوٹ، تبدیلی اور تعلیل کا علم ہے_
- علمُ النَّحو: علمُ النَّحو جملے کی اقسام، ترتیب، تحلیل اور ترکیب کا علم ہے_ اسکے ذریعے سے کسی لفظ سے پہلے حرف یا عامل کے استعمال اور لفظ کے آخری حرف پر موجود اعراب کی وجہ معلوم ہوتی ہے_
- مادہ: عربی ڈکشنری کے استعمال کیلئے لفظ کا مادہ معلوم ہونا ضروری ہے_ کسی لفظ کے اصلی حروف کو اس لفظ کا مادہ، وزن یا root-word کہتے ہیں_ کسی لفظ میں شامل اضافی حروف کو زائد حروف کہتے ہیں_
- حروفِ علت: واؤ، الف اور یا (و،ا،ی) حروفِ علت ہیں_
==================
💠سبق - 1💠
"باب"
باب: ثلاثی مُجَرَّد میں ماضی کے پہلے صیغے اور مضارع کے پہلے صیغے کو ملا کر باب بنتا ہے، باقی افعال کا باب انکے مصدر کا وزن ہوتا ہے_
___________________
💠سبق - 2💠
"ہفت اقسام"
مادہ کے لحاظ سے الفاظ کی سات اقسام کو ہفت اقسام کہتے ہیں_
صحیح است و مثال است و مضاعف
لفیف و ناقص و مہموز و اجوف
1- صحیح اس کو کہتے ہیں جس کے فا کلمہ، عین کلمہ اور لام کلمہ میں نہ حرفِ علت ہو، نہ ہمزہ ہو اور نہ ہی ایک جیسے دو حروف ہوں، جیسے ضَرَبَ، خَرَجَ اور سَجَدَ_
2- مضاعف اس کو کہتے ہیں جس میں نہ ہمزہ ہو، نہ حرفِ علت ہو اور نہ ہی ایک جیسے دو حروف ہوں_ اگر عین کلمہ اور لام کلمہ ایک جیسےہوں تو مضاعف ثلاثی جیسے مَدَدَ، حَسَسَ اور شَرَرَ_ اگر فا کلمہ پہلا لام اور عین کلمہ دوسرا لام ایک جیسے ہوں تو مضاعف رباعی جیسے زَلزَلَ، قَلقَلَ اور فَلفَلَ_
3- لفیف اس کو کہتے ہیں جس میں دو حروف علت ہوں_اگر فا کلمہ اور لام کلمہ میں حروف عِلَّت ہوں تو لفیف مفروق، جیسے وَقَیَ، وَلَیَ _ اگر عین کلمہ اور لام کلمہ میں حروف علت ہوں تو لفیف مقرون، جیسے رَوَیَ، سَوَیَ_
4- مہموز اس کو کہتے ہیں جس میں ہمزہ ہو_ اگر فا کلمہ میں ہمزہ ہو تو مہموزالفا، جیسے اَکَلَ،اَمَنَ_ عین کلمہ میں ہمزہ ہو تو مہموزالعین، جیسے سَأْلَ، رَأْسٌ_ لام کلمے میں ہمزہ ہو تو مہموزاللام کہتے ہیں، جیسے قَرَءَ، خَطَأَ_
5- مثال اس کو کہتے ہیں جس کے فا کلمہ میں حرفِ علت ہو_ اگر فا کلمہ میں "و" ہو تو مثال واوی، جیسے وَعَد، وَجَدَ_ اگر فا کلمہ میں "ی" ہو تو مثال یائ، جیسے یَقَنَ، یَسَرَ_
6- اجوف اس کو کہتے ہیں جس کے عین کلمہ میں حرفِ علت ہو_ اگر عین کلمہ میں "و" ہو تو اجوف واوی، جیسے بَوَعَ، تَوَبَ_ اگر عین کلمہ میں "ی" ہو تو اجوف یائ، جیسے خَیَرَ، غَیَرَ _
7- ناقص اس کو کہتے ہیں جس کے لام کلمہ میں حرفِ علت ہو_ اگر لام کلمہ میں "و" ہو تو ناقص واوی، جیسے جَلَوَ ، بَلَوَ_ اگر لام کلمہ میں "ی" ہو تو ناقص یائ، جیسے عَصَیَ، رَمَیَ _
------------------------------------
💠سبق - 3💠
"ثلاثی مجرد کے چھ ابواب"
1- نَصَرَ یَنصُرُ - فَعَلَ یَفعُلُ
2- ضَرَبَ یَضرِبُ - فَعَلَ یَفعِلُ
3- سَمِعَ یَسمَعُ - فَعِلَ یَفعَلُ
4- فَتَحَ یَفتَحُ - فَعَلَ یَفعَلُ
5- کَرُمَ یَکرُمُ - فَعُلَ یَفعُلُ
6- حَسِبَ یَحسِبُ - فَعِلَ یَفعِلُ
1- نَصَرَ اس ایک مرد نے مدد کی _ یہ فعل ماضی ہے_ یَنصُرُ وہ ایک مرد مدد کرتا ہے یا کرے گا_ یہ فعل مضارع ہے_ فَعَلَ کا عین کلمہ مفتوح ہے_ نَصَرَ کا عین کلمہ "ص" مفتوح ہے_ یَفعُلُ کا عین کلمہ مضموم ہے_ یَنصُرُ کا عین کلمہ "ص" مضموم ہے_ اس لیئے فَعَلَ یَفعُلُ یہ باب نَصَرَ یَنصُرُ ہے_
2- ضَرَبَ اس ایک مرد نے مارا_ یہ فعل ماضی ہے_ یَضرِبُ وہ ایک مرد مارتا ہے یا مارے گا_ یہ فعل مضارع ہے_ فَعَلَ کا عین کلمہ مفتوح ہے_ ضَرَبَ کا عین کلمہ "ر" مفتوح ہے_ یَفعِلُ کا عین کلمہ مکسور ہے_ یَضرِبُ کا عین کلمہ "ر" مکسور ہے_ اس لیئے فَعَلَ یَفعِلُ یہ باب ضَرَبَ یَضرِبُ ہے_
3- سَمِعَ اس ایک مرد نے سنا_ یہ فعل ماضی ہے_ یَسمَعُ وہ ایک مرد سنتا ہے یا سنے گا_ یہ فعل مضارع ہے_ فَعِلَ کا عین کلمہ مکسور ہے_ سَمِعَ کا عین کلمہ "م" مکسور ہے_ یَفعَلُ کا عین کلمہ مفتوح ہے_ یَسمَعُ کا عین کلمہ "م" مفتوح ہے_ اس لیئے فَعِلَ یَفعَلُ یہ باب سَمِعَ یَسمَعُ ہے_
4- فَتَحَ اس ایک مرد نے کھولا_ یہ فعل ماضی ہے_ یَفتَحُ وہ ایک مرد کھولتا ہے یا کھولے گا_ یہ فعل مضارع ہے_ فَعَلَ کا عین کلمہ مفتوح ہے_ فَتَحَ کا عین کلمہ "ت" مفتوح ہے_ یَفعَلُ کا عین کلمہ مفتوح ہے_یَفتَحُ کا عین کلمہ "ت" مفتوح ہے_اس لیئے فَعَلَ یَفعَلُ یہ باب فَتَحَ یَفتَحُ ہے_
5- کَرُمَ وہ ایک مرد بزرگ ہوا_ یہ فعل ماضی ہے_ یَکرُمُ وہ ایک مرد بزرگ ہوتا ہے یا ہوگا_ یہ فعل مضارع ہے_ فَعُلَ کا عین کلمہ مضموم ہے_ کَرُمَ کا عین کلمہ "ر" مضموم ہے_ یَفعُلُ کا عین کلمہ مضموم ہے_ یَکرُمُ کا عین کلمہ "ر" مضموم ہے_ اس لیئے فَعُلَ یَفعُلُ یہ باب کَرُمَ یَکرُمُ ہے_
6- حَسِبَ اس ایک مرد نے گمان کیا_ یہ فعل ماضی ہے_ یَحسِبُ وہ ایک مرد گمان کرتا ہے یا کرے گا_ یہ فعل مضارع ہے_ فَعِلَ کا عین کلمہ مکسور ہے_ حَسِبَ کا عین کلمہ "س" مکسور ہے_ یَفعِلُ کا عین کلمہ مکسور ہے_ یَحسِبُ کا عین کلمہ "س" مکسور ہے_ اس لیئے فَعِلَ یَفعِلُ یہ باب حَسِبَ یَحسِبُ ہے_
-------------------------------------
💠سبق - 4💠
"ثلاثی مزید فیہ کے بارہ ابواب"
1- اَخرَجَ یُخرِجُ اِخرَاج اِفعَال
اَخرَجَ: اس ایک مرد نے نکالا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یُخرِجُ: نکالتا ہے یا نکالے گا وہ ایک مرد؛ یہ فعل مضارع ہے_ اِخرَاج: نکالنا؛ یہ مصدر ہے_ اِفعَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اس کے شروع میں ہمزہ زائد ہے_
2- صَرَّفَ یُصَرِّفُ تَصرِیف تَفعِیل
صَرَّفَ: اس ایک مرد نے پھیرا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یُصَرِّفُ: وہ ایک مرد پھیرتا ہے یا پھیرے گا؛ یہ فعل مضارع ہے_ تَصرِیف: پھیرنا؛ یہ مصدر ہے_ تَفعِیل: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے عین کلمہ میں ایک "ر" زائد ہے_
3- قَاتَلَ یُقَاتِلُ مُقَاتَلَہ مُفَاعَلَۃ
قَاتَلَ: اس ایک مرد نے باہم لڑائ کی؛ یہ فعل ماضی ہے_ یُقَاتِلُ: وہ ایک مرد باہم لڑتا ہے یا لڑے گا، یہ فعل مضارع ہے_ مُقَاتَلَہ: باہم لڑنا، یہ مصدر ہے_ مُفَاعَلَۃ: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے "ف" کلمہ کے بعد "الف" زائد ہے_
4- تَقَابَلَ یَتَقَابَلُ تَقَابُل تَفَاعُل
تَقَابَلَ: وہ ایک مرد آمنے سامنے ہوا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَتَقَابَلُ: وہ ایک مرد آمنے سامنے ہوتا ہے یا ہوگا، یہ فعل مضارع ہے_ تَقَابُل: آمنے سامنے ہونا، یہ مصدر ہے_ تَفَاعُل: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں، "ت" اور فا کلمہ کے بعد "الف" زائد ہے_
5- تَقَبَّلَ یَتَقَبِّلُ تَقَبُّل تَفَعُّل
تَقَبَّلَ: اس ایک مرد نے قبول کیا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَتَقَبِّلُ: وہ ایک مرد قبول کرتا ہے یا کرے گا، یہ فعل مضارع ہے_ تَقَبُّل: قبول کرنا، یہ مصدر ہے_ تَفَعُّل: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اس کے شروع میں "ت" اور عین کلمہ میں ایک "ب" زائد ہے_
6- اِجتَنَبَ یَجتَنِبُ اِجتِنَاب اِفتَعَال
اِجتَنَبَ: وہ ایک مرد بچا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَجتَنِبُ: وہ ایک مرد بچتا ہے یا بچے گا؛ یہ فعل مضارع ہے_ اِجتِنَاب: بچنا، یہ مصدر ہے_ اِفتَعَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ" اور ف کلمہ کے بعد "ت" زائد ہے_
7- اِنصَرَفَ یَنصَرِفُ اِنصِرَاف اِنفِعَال
اِنصَرَفَ: وہ ایک مرد پھرا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَنصَرِفُ: وہ ایک مرد پھرتا ہے یا پھرے گا، یہ فعل مضارع ہے_ اِنصِرَاف: پھرنا، یہ مصدر ہے_ اِنفِعَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ" اور "نون" زائد ہے_
8- اِستَخرَجَ یَستَخرِجُ اِستِخرَاج اِستِفعَال
اِستَخرَجَ: وہ ایک مرد نکلا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَستَخرِجُ: وہ ایک مرد نکلتا ہے یا نکلے گا_ یہ فعل مضارع ہے_ اِستِخرَاج: نکلنا، یہ مصدر ہے_ اِستِفعَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ" "س" اور "ت" زائد ہیں_
9- اِحمَرَّ یَحمَرُّ اِحمِرَار اِفعِلَال
اِحمَرَّ: وہ ایک مرد سرخ ہوا ؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَحمَرُّ: وہ ایک مرد سرخ ہوتا ہے یا ہوگا؛ یہ فعل مضارع ہے_ اِحمِرَار: سرخ ہونا، یہ مصدر ہے_ اِفعِلَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ" اور لام کلمہ میں ایک "ر" زائد ہے_
10- اِحمَآرَّ یَحمَآرُّ اِحمِیرَار اِفعِیلَال
اِحمَآرَّ: وہ ایک مرد سرخ ہوا ؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَحمَآرُّ: وہ ایک مرد سرخ ہوتا ہے یا ہوگا؛ یہ فعل مضارع ہے_ اِحمِیرَار: سرخ ہونا، یہ مصدر ہے_ اِفعِیلَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ"، عین کلمہ کے بعد "الف" اور لام کلمہ میں ایک "ر" زائد ہے_
11- اِعلَوَّطَ یَعلَوِّطُ اِعلِوَّاط اِفعِوَّال
اِعلَوَّطَ: وہ ایک مرد اونٹ کی گردن پکڑ کر لپک کر چڑھا؛ یہ فعل ماضی ہے_ یَعلَوِّطُ: وہ ایک مرد اونٹ کی گردن پکڑ کر لپک کر چڑھتا ہے یا چڑھے گا؛ یہ فعل مضارع ہے_ اِعلِوَّاط: اونٹ کی گردن پکڑ کر لپک کر چڑھنا، یہ مصدر ہے_ اِفعِوَّال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ"، عین کلمہ لام کے بعد "و" مشدد زائد ہے_
12- اِخشَوشَنَ یَخشَوشِنُ اِخشِیشَان اِفعِیعَال
اِخشَوشَنَ: وہ ایک مرد کھردرا ہوا، یہ فعل ماضی ہے_ یَخشَوشِنُ: وہ ایک مرد کھردرا ہوا یا ہوتا ہے_ یہ فعل مضارع ہے_ اِخشِیشَان: کھردرا ہونا، یہ مصدر ہے_ اِفعِیعَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب ثلاثی مزید فیہ کا ہے_ ثلاثی اس لیئے کہا کہ اس میں تین حروف اصلی ہیں_ مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ" عین کلمہ شین کے بعد "الف"، "واؤ" اور "شین" زائد ہیں_
------------------------------------
💠سبق - 5💠
رباعی کے ابواب
رباعی مجرد کا ایک باب
1- دَحرَجَ یُدَحرِجُ دَحرَجَہ فعلَلَہ
دَحرَجََ: اس ایک مرد نے لڑھکایا، یہ فعل ماضی ہے_ یُدَحرِجُ: وہ ایک مرد لڑھکاتا ہے یا لڑھکائے گا، یہ فعل مضارع ہے_ دَحرَجَہ: لڑھکانا، یہ مصدر ہے_ فعلَلَہ: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب رباعی مجرد کا ہے_ رباعی اس لیئے کہا کہ اس میں چار حروف اصلی ہیں، مجرد اس لیئے کہا کہ اس میں کوئ حرف زائد نہیں_
رباعی مزید کے تین ابواب
1- تَدَحرَجَ یَتَدَحرَجُ تَدَحرُج تَفَعلُل
تَدَحرَجَ: وہ ایک مرد لڑھکا، یہ فعل ماضی ہے_ یَتَدَحرَجُ: وہ ایک مرد لڑھکتا ہے یا لڑھکے گا، یہ فعل مضارع ہے_ تَدَحرُج: لڑھکنا، یہ مصدر ہے_ تَفَعلُل: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب رباعی مزید فیہ کا ہے_ رباعی اس لیئے کہا کہ اس میں چار حروف اصلی ہیں، مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اس کے شروع میں "ت" زائد ہے_
2- اِقشَعَرَّ یَقشَعِرُّ اِقشِعرَار اِفعِلَّال
اِقشَعَرَّ: وہ ایک مرد کپکپاتا ہے، یہ فعل ماضی ہے_ یَقشَعِرُّ: وہ ایک مرد کپکپاتا ہے یا کپکپائے گا، یہ فعل مضارع ہے_ اِقشِعرَار: کپکپانا، یہ مصدر ہے_ اِفعِلَّال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب رباعی مزید فیہ کا ہے_ رباعی اس لیئے کہا کہ اس میں چار حروف اصلی ہیں، مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ" اور لام کلمہ میں ایک "ر" زائد ہے_
3- اِحرَنجَمَ یَحرَنجِمُ اِحرِنجَام اِفعِنلَال
اِحرَنجَمَ: وہ ایک مرد جمع ہوا_ یہ فعل ماضی ہے_ یَحرَنجِمُ: وہ ایک مرد جمع ہوتا ہے یا ہوگا، یہ فعل مضارع ہے_اِحرِنجَام: جمع ہونا، یہ مصدر ہے_ اِفعِنلَال: یہ باب ہے اور مصدر کا وزن ہے_ یہ باب رباعی مزید فیہ کا ہے_ رباعی اس لیئے کہا کہ اس میں چار حروف اصلی ہیں، مزید فیہ اس لیئے کہا کہ اسکے شروع میں "ہمزہ" اور عین کلمہ کے بعد "ن" زائد ہے_
----------------------------------------
💠سبق - 6💠
فعل ماضی معروف (گردان اور علامات)
نَصَرَ نَصَرَا نَصَرُوا نَصََرَت نَصَرَتَا نَصَرنَ نَصَرَتَ نَصَرتُمَا نَصَرتُم نَصَرتِ نَصَرتُمَا نَصَرتُنَّ نَصَرتُ نَصَرنَا
1- نَصَرَ : اس ایک مرد نے مدد کی؛ یہ صیغہ واحد مذکر غائب کا ہے_ یہ صیغہ سب علامتوں سے خالی ہے_
2- نَصَرَا : ان دو مردوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ تثنیہ مذکر غائب کا ہے_ "الف" تثنیہ مذکر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
3- نَصَرُوٌا : ان سب مردوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ جمع مزکر غائب کا ہے_ "و" جمع مزکر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_ نوٹ:-نَصَرُوا کے آخر میں "الف" صیغے کی "و" اور واؤ عطف میں فرق کیلئے ہے_
4- نَصََرَت: اس ایک عورت نے مدد کی؛ یہ صیغہ واحد مونث غائب کا ہے_ "ت" ساکن واحد مونث غائب کی علامت ہے_
5- نَصَرَتَا: ان دو عورتوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ تثنیہ مونث غائب کا ہے_ "تَا" تثنیہ مونث غائب کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
6- نَصَرنَ: ان سب عورتوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ جمع مونث غائب کا ہے_ "نَ مفتوح" جمع مونث غائب کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
7- نَصَرتَ: تو ایک مرد نے مدد کی؛ یہ صیغہ واحد مذکر حاضر کا ہے_ "تَ مفتوح" واحد مذکر حاضر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
8- نَصَرتُمَا: تم دو مردوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ تثنیہ مذکر حاضر کا ہے_ "تُمَا" تثنیہ مذکر حاضر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
9- نَصَرتُم: تم سب مردوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ جمع مذکر حاضر کا ہے_ "تُم" جمع مذکر حاضر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
10- نَصَرتِ: تو ایک عورت نے مدد کی؛ یہ صیغہ واحد مونث حاضر کا ہے_ "تِ مکسور" واحد مونث حاضر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
11- نَصَرتُمَا: تم دو عورتوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ تثنیہ مونث حاضر کا ہے_ "تُمَا" تثنیہ مونث حاضر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
12- نَصَرتُنَّ: تم سب عورتوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ جمع مونث حاضر کا ہے_ "تُنَّ" جمع مونث حاضر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
13- نَصَرتُ: میں ایک مرد یا عورت نے مدد کی؛ یہ صیغہ واحد مذکر و مونث متکلم کا ہے_ "تُ مضموم" واحد مذکر و مونث متکلم کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
14- نَصَرنَا: ہم دو مردوں یا عورتوں نے مدد کی، ہم سب مردوں یا عورتوں نے مدد کی؛ یہ صیغہ تثنیہ و جمع مونث و مذکر متکلم کا ہے_ "نَا" تثنیہ و جمع مونث و مذکر متکلم کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
_______________________
💠سبق - 7💠
فعل مضارع معروف (گردان اور علامات)
یَنصُرُ یَنصُرَانِ یَنصُرُونَ تَنصُرُ تَنصُرَانِ تَنصُرنَ تَنصُرُ تَنصُرَانِ تَنصُرُونَ تَنصُرِینَ تَنصُرَانِ تَنصُرنَ اَنصُرُ نَنصُرُ
1- یَنصُرُ : وہ ایک مرد مدد کرتا ہے یا کرے گا؛ فعل مضارع صیغہ واحد مذکر غائب_ "ی" مضارع غائب کی علامت ہے_
2- یَنصُرَانِ: وہ دو مرد مدد کرتے ہیں یا کریں گے؛ فعل مضارع صیغہ تثنیہ مذکر غائب_ "ی" مضارع غائب اور "الف" تثنیہ مذکر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_ "نَ" اعرابی ہے اور یہ حالتِ رفعی میں ہوتا ہے_
3- یَنصُرُونَ: وہ سب مرد مدد کرتے ہیں یا کریں گے؛ فعل مضارع صیغہ جمع مذکر غائب_ "ی" مضارع غائب اور "و" جمع مذکر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_ "نَ" اعرابی ہے اور یہ حالتِ رفعی میں ہوتا ہے_
4- تَنصُرُ: وہ ایک عورت مدد کرتی ہے یا کرے گی؛ فعل مضارع صیغہ واحد مونث غائب_ "تَ" مضارع غائب کی علامت ہے_
5- تَنصُرَانِ: وہ دو عورتیں مدد کرتی ہیں یا کریں گی؛ فعل مضارع صیغہ تثنیہ مونث غائب_ "تَ" مضارع غائب اور "الف" تثنیہ مونث کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_ "نَ" اعرابی ہے اور یہ حالتِ رفعی میں ہوتا ہے_
6- یَنصُرنَ: وہ سب عورتیں مدد کرتی ہیں یا کریں گی؛ فعل مضارع صیغہ جمع مونث غائب_ "ی" مضارع غائب اور "نَ" مفتوح جمع مونث غائب کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
7- تَنصُرُ: تو ایک مرد مدد کرتا ہے یا کرے گا؛ فعل مضارع صیغہ واحد مذکر حاضر_ "تَ" مضارع حاضر کی علامت ہے_
8- تَنصُرَانِ: تم دو مرد مدد کرتے ہو یا کرو گے؛ فعل مضارع صیغہ تثنیہ مذکر حاضر_ "تَ" مضارع حاضر اور "الف" تثنیہ مذکر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_ "نَ" اعرابی ہے اور یہ حالتِ رفعی میں ہوتا ہے_
9- تَنصُرُونَ: تم سب مرد مدد کرتے ہو یا کرو گے؛ فعل مضارع صیغہ جمع مذکر حاضر_ "تَ" مضارع حاضر اور "و" جمع مذکر کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_ "نَ" اعرابی ہے اور یہ حالتِ رفعی میں ہوتا ہے_
10- تَنصُرِینَ: تو ایک عورت مدد کرتی ہے یا کرے گی؛ فعل مضارع صیغہ واحد مونث حاضر_ "تَ" مضارع حاضر اور "ی" واحد مونث کی علامت ہے_ "نَ" اعرابی ہے اور یہ حالتِ رفعی میں ہوتا ہے_
11- تَنصُرَانِ: تم دو عورتیں مدد کرتی ہو یا کرو گی؛ فعل مضارع صیغہ تثنیہ مونث حاضر_ "تَ" مضارع حاضر اور "الف" تثنیہ مونث کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_ "نَ" اعرابی ہے اور یہ حالتِ رفعی میں ہوتا ہے_
12- تَنصُرنَ: تم سب عورتیں مدد کرتی ہو یا کرو گی؛ فعل مضارع صیغہ جمع مونث حاضر_ "تَ" مضارع حاضر اور "نَ" مفتوح جمع مونث کی علامت ہے اور ضمیر فاعل کی ہے_
13- اَنصُرُ: میں ایک مرد یا عورت مدد کرتا ہوں یا کروں گا؛ فعل مضارع صیغہ واحد مذکر و مونث متکلم_ "الف" واحد متکلم مضارع کی علامت ہے_
14- نَنصُرُ: ہم دو مرد یا عورتیں مدد کرتے ہیں یا کریں گے، ہم سب مرد یا عورتیں مدد کرتے ہیں یا کریں گے؛ فعل مضارع صیغہ تثنیہ و جمع مذکر و مونث متکلم_ "ن" تثنیہ و جمع مذکر و مونث متکلم کی علامت ہے_
-----------------------------------------
👈 نوٹ:- "کوئ بھی شخص یا ادارہ، سوشل پوائنٹ کے ہمہ قسم نوٹس یا لیکچرز کو اپنے طور پر تعلیمی یا کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کرے تو کاپی رائٹس کی کوئ پابندی نہیں؛ البتہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کے لین دین یا غیر قانونی سرگرمی کی ذمہ داری سوشل پوائنٹ کی ٹیم پر نہیں ہوگی"
No comments:
Post a Comment